سعودی عرب کا ایک وفد ان دنوں بنگلہ دیش کے دورے پر ہے۔ یہ 40رکنی وفد بنگلہ دیش میں ہونے والی مشترکہ اکنامک کونسل کے اجلاس میں شرکت کرے گا اور دورے کے دوران دونوں ملکوں کے مابین درجنوں معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ عرب نیوز کے مطابق ممکنہ طور پر اس دورے کے دوران سعودی عرب بنگلہ دیش میں 30ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرے گا۔
یہ سرمایہ کاری سعودی عرب کی مختلف کمپنیاں بنگلہ دیش کے مختلف سیکٹرز میں کریں گی۔ بنگلہ دیش میں موجود اس سعودی وفد کی قیادت بین الاقوامی امور کے نائب وزیر مہیرالغیسن کر رہے ہیں۔ وفد میں سعودی آرامکو، اے سی ڈبلیو اے پاور، ہنی اینڈ ہیلتھ اور انجینئرنگ ڈائمینشن کام سمیت دیگر کئی بڑی سعودی کمپنیوں کے حکام بھی شامل ہیں۔ ای آر ڈی مڈل ایسٹ ونگ کے سینئر اسسٹنٹ چیف فیصل ظہور کا کہنا تھا کہ ”سعودی سرمایہ کار بنگلہ دیش میں کوئی بھی رقم لگانے کو تیار ہیں۔ اس کا تعین اس بات پر ہو گا کہ بنگلہ دیش کتنی رقم خرچ کر سکتا ہے۔“